2 جولائی 2017 - 11:11
داعشی خطیب البغدادی کا نام لے کر رویا/ جھوٹی خلافت کے سرغنے کی ہلاکت کا ضمنی اعتراف/ خطیب زيرحراست

ایک معتبر ذریعے نے بتایا ہے کہ دہشت گرد ٹولے کا نام نہاد خطیب جمعے کے خطبے کے دوران ابوبکر البغدادی کا نام لے کر رویا اور یوں اس نے اپنے جھوٹے خلیفہ کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔

اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراقی خبر ایجنسی سومریہ نیوز نے نام لئے بغیر تلعفر میں اپنے ایک مقامی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ خطیب خلافت کہلوانے والا ایک داعشی خطیب نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے ابوبکر البغدادی کا نام لے کر رویا ہے۔
تلعفر میں داعش کا خطیب جمعہ اور ابوبکر البغدادی کے قریبی ساتھی "ابو قتیبہ" نے خطبہ جمعہ کے دوران خودخواندہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کا نام لیا تو اچانک رونے لگا اور بہت شدت سے روتا رہا اور پھر تھوڑی دیر کے لئے خاموش ہوگیا۔
کہا جاتا ہے کہ ابو قتیبہ نے رونے دھونے اور خاموشی کے بعد چند آیتوں کی تلاوت کی ہے اور غلطی سے ایسے الفاظ بھی ادا کئے ہیں جن سے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا سراغ ملتا ہے۔ داعشی دہشت گردوں نے آج بروز شنبہ ابوقتیبہ کے مکان پر حملہ کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ روسی ذرائع نے مختلف دلائل دے کر ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا اور بعدازاں سپاہ قدس کے ذرائع نے بھی اس خبر کی تائید کی تھی لیکن امریکہ سمیت داعش کے حامی ممالک نیز داعش کے ذرائع نے ابھی تک اس کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے گوکہ داعش نے اعلان کیا تھا کہ یہ تنظیم عنقریب البغدادی کے بارے میں اہم اعلان کرنے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن داعشی خطیب نے رو کر ضمنی طور پر البغدادی کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔
/110